سمت بھارگو
راجوری // تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگلی علاقے میں منگل کومسلسل چھٹے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کیلئے خصوصی کمانڈوز کو بھی جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیاہے۔معلوم ہواہے کہ سیکورٹی فورسز نے بفلیاز سے لے کر دھیرہ گلی ٹاپ تک کے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے۔پونچھ اور راجوری اضلاع میں چوتھے روز بھی موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل ہے۔فلیاز تھنہ منڈی میں جمعرات کی سہ پہر ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی از جان جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے تھے۔ بفلیاز پونچھ میں مسلسل چھٹے روزبھی مفرور ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر تلاشی آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بیک وقت 15مقامات پر سرچ آپریشن لانچ کیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کو مطلع کیا گیا کہ وہ فی الحال جنگلی علاقوں کی طرف جانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ وہاں چھپے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سراغ رساں کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بفلیازپونچھ میں تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی جنگلی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا: دہشت گردجنگلی علاقے میں بھی ہی موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے، سیکورٹی فورسز نے جگہ جگہ پر ناکے لگائے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بفلیاز راجوری شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند رکھا گیاہے۔