کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ایس ایس پی ابرا ر احمد چودھری ، اے سی ڈی، سی پی او، ایس ڈی ایم اور تمام محکموں کے ضلع افسروںکے ہمراہ تحصیل چھاترو کا دورہ کرکے وہاں پر ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا ۔عوامی دربار میں عوام نے مختلف مسائل پیش کئے جن میں پینے کے پانی،بجلی ،سڑک رابطہ، میڈیکل، بلدیاتی سہولیات ،خستہ حال سکولی عمارتوں، ایم جی نریگا کے واجب الادا بقایا جات،زمین کا معاوضہ، سڑکوں کی خستہ حالی، سکولوں میں اساتذہ کی قلت، طبی اداروں میں ڈاکٹروں کی کمی اور رابطہ سڑکوں پر کام پورا کرنے کے مطالبات شامل تھے۔ڈی سی نے عوام کی جانب سے پیش کئے گئے کئی معاملات پر متعلقہ ضلع افسروں کو مقررہ مدت کے اندر ضرورت کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔طلاب کے لئے صُبح اور بعد دوپہر کو بس کی مانگ پر ڈی سی نے اے آر ٹی او کو عوام کی خواہش کے مطابق بس سروس چلانے کی ہدایت دی۔عوام نے فُٹ برجوں اور تباہ ہوئی ندیوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو چھاترو جیسے دور دراز و پسماندہ علاقے میں عوامی دربار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے مختلف مسائل کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی اس موقع پر ایس ڈی ایم چھاترو، تحصیلدار چھاترو و ضلع انتظامیہ کے افسران موجود رہے جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو مسائل سے آگاہ کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ لوگوں کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی شہری کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں کو کوئی مسئلہ یا شکایت ہے وہ انہیں فون کے ذریعے آگاہ کریں تاکہ وقت رہتے کاروائی کی جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ علاقہ میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ضلع پولیس کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدام کی جانکاری دی۔ انہوں نے افواہ بازوں
او ر جھوٹی خبریں چلانے والوں کو متنبہ کیا کہ اگر کوئی قابل اعراض پایا گیا تو انکے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اجلاس میں ایس ڈی ایم چھاترو سے تمام سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔