عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) چودھری محمد رمضان نے مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی وشنو کو خط لکھا ہے، جس میں انہوںنے اننت ناگ ریلوے اسٹیشن کو وندے بھارت ایکسپریس کیلئے طے شدہ اسٹیشن کے طور پر شامل کرنے پر زور دیا ہے۔مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کوارسال کردہ اپنے خط میں رُکن راجیہ سبھا چودھری محمد رمضان نے روشنی ڈالی کہ اننت ناگ جنوبی کشمیر کا ایک اہم انتظامی، تجارتی اور سیاحتی مرکز ہے اور آس پاس کے اضلاع کی ایک بڑی آبادی کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جموں و کشمیر میں وندے بھارت خدمات کے آغاز سے ریل رابطے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، وہیں اننت ناگ میں اسٹاپیج کی غیر موجودگی نے بہت سے مسافروں کو تکلیف دی ہے جو روزانہ سفر کے لیے اسٹیشن پر انحصار کرتے ہیں۔موصوف ممبر پارلیمنٹ نے اننت ناگ کو جنوبی کشمیر کا گیٹ وے قرار دیتے ہوئے سیاحت، باغبانی اور تجارت میں اس کے اہم کردار کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ اننت ناگ میں وندے بھارت ایکسپریس رکنے سے نہ صرف علاقائی رابطوں میں بہتری آئے گی بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ چودھری محمدرمضان، جو وزارت داخلہ کی مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو سے درخواست کی کہ وہ دیرینہ عوامی مطالبے پر غور کریں ۔