رام بن //روڈ سیفٹی ہفتہ کے دوسرے روز تعمیری کمپنی کی جانب سے اشتراک سے ناشری ٹنل پر پیر کے روز روڈ سیفٹی پر ایک بیداری کیمپ کا اہتما م کیا ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی مہمان خصوصی تھے۔چنہنی ناشری ٹنل کے آپریشن ہیڈ انجینئر چندر دیو، آئی ایل اینڈ ایف ایس کے انجینئر جے ایس راٹھور ،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چنہنی کے سٹوڈنٹس کے علاوہ روڈ سیفٹی ٹیم کے ممبران اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی نے اپنے خطاب میں تیز رفتاری، دوڑ لگانے، گاڑی چلاتے ہوئے شراب اور موبائیل فون کا استعمال کرنے ،غلط اور ٹیکنگ اور کمسن ڈرائیونگ سے اجتناب کرنے کی صلاح دی،تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔انہوں نے محفوظ ڈرائیونگ اور صحت مند زندگی کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے سڑک حادثات کے وجوہات پر بھی روشنی ڈالی اور ان سے بچنے کے لئے متعدد اقدام بھی تجویز کئے۔انہوں نے شرکا سے کسی بھی ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے ڈرائیور پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی اور موبائیل فون کا استعمال کرنے کی صورت میں اُسے گاڑی فوری طور روکنے کیلئے کہنے پر زور دیا۔انہوںنے نوجوانوں کو ہیلمٹ پہننے اور سیٹ بیلٹ کا استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی، تاکہ حادثہ کے دوران مہلک زخموں سے بچا جا سکے۔انہوں نے نوجوانوں کو سڑک حادثات روکنے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کو کہا۔سٹوڈنٹس اور روڈ سیفٹی ٹیم کے ممبران نے ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کے قوانین کی جانکاری دینے کے لئے گاڑیوں پر سٹکر چسپاں کئے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ روڈ سیفٹی ہفتہ کے دوران ELSAMEX ضلع میں مختلف مقامات پر طبی کیمپ، بیداری کیمپ منعقد کرے گی۔