کشتواڑ+ڈوڈہ//چناب کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوںکا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی پھر پیدا ہوگئی ہے جبکہ رابطہ سڑکیں زیر آب آنے کے علاوہ کئی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال ہے۔ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں ایتوار کو بعد دوپہر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی درجہ حرارت مزید گرگیا اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔بارشوں کی وجہ سے کشتواڑ اننت ناگ شاہراہ پر سنتھن ٹاپ کے مقام پر برف ہٹانے کا متاثر رہا جبکہ مرگن پر بھی بارشوں و تازہ برفباری ہونے کے سبب برف ہٹانے کا کام بند کرنا پڑ ا۔ادھر ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی جبکہ رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہو گئے۔بعد دوپہر کشتواڑ و ڈوڈہ اضلاع کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہا۔بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور متعدد دیہات میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے وہیں گلی کوچے و رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں اور نالوں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہو گیا۔اس دوران زمینداروں و عام لوگوں نے بارشوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں مسلسل تیز دھوپ سے گرمی بڑھ گئی تھی جو کہ آنے والے زمینداری کے موسم کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔