بانہال // بانہال میں واقع وادی نیل کی وسیع آبادی کو جوڑنے والی چملواس نیل رابطہ سڑک مسلسل ہزاروں لوگوں کیلئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے اور اس کچی سڑک کے کئی کلومیٹروں پر محیط حصے میں سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے گاڑیوں کا چلنا دشوار ہوگیا ہے ۔علاقہ نیل کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے رکھ رکھاؤ کیلئے ذمہ دار محکمہ تعمیرات عامہ اپنی ذمہ داریوں سے بے نیاز عوام کیلئے لگاتار مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے اور سرکار اور متعلقہ وزیر کے دعووں کے باوجود بھی نیل رابطہ سڑک کی حالت بدستور ابتر ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خراب حالت کے پیش نظر مسافر گاڑیوں کے ڈرائیور مجبور مسافروں سے من مرضی سے کرایہ وصول کرتے ہیں کیونکہ بیس کلومیٹر لمبی سڑک کے کئی کلومیٹر بہت ہی خراب ہیں اور سفر کرنا محال ہوگیا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دور دراز کے علاقے میں سڑک کے ساتھ ساتھ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہے اور کئی ہفتوں سے جاری بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری یقین دہانی کے باوجود گذشتہ آٹھ سال سے نیل میں قائم طبی مرکز میں کوئی بھی ڈاکٹر تعینات نہیں کیا گیا ہے اور سڑک کی خراب حالت نے مریضوں کیلئے مزید سخت حالات پیدا کر رکھے ہیں اور اس بارے میں ریاستی وزیر برائے تعمیرات کو لکھے گئے کئی مراسلوں کے باوجود بھی درجنوں دیہات کو جوڑنے والی چملواس نیل رابطہ سڑک ابھی بھی عدم توجہی کا شکار ہے اور برفباری کے بعد اس کی حالت ہر بدلتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے نیل چملواس اور مگر کوٹ نیل رابطہ سڑک کو ہر لحاظ سے جلد از جلد مکمل کرکے انہیں قابل آمدورفت بنانے کی سرکار سے اپیل کی ہے تاکہ زنچوس اور نیل ٹاپ سے لیکر نیل باٹو اور زراڈی تک کے لوگوں کی سخت زندگی کو کسی حد تک راحت مل سکے ۔