عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چلہ کلاںکی رخصتی کے بعدپوری وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں 2 سے 7 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا ہے، لیکن بالائی علاقوں میں برف باری نے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی لائیہے۔حکام نے ہفتہ کو بتایا سرینگر شہر میں کم از کم درجہ حرارت جمعرات کی رات منفی 2.5 ڈگری سیلسیس سے جمعہ کی رات 3.0 ڈگری تک 5.5 ڈگری بڑھ گیا۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جس سے یہ وادی کا سرد ترین مقام بن گیا۔جنوبی کشمیر کے پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت 7 ڈگری بڑھ کر منفی 7.5 ڈگری سیلسیس سے منفی 0.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔دیگر علاقوں میں درج ذیل کم سے کم درجہ حرارت دیکھا گیا، قاضی گنڈ میں 0.6 ، کوکرناگ میں منفی 0.4 ، اور کپواڑہ میں 1.4 ڈگری سیلسیس پر رہا۔جمعہ کی رات گلمرگ اور سونمرگ کے سیاحتی مقامات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔ وادی کے میدانی علاقوں میں ہفتہ کی اولین ساعتوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔برفباری اور بارش کی وجہ سے دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی، آسمان پر گھنے بادل چھائے رہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ فی الحال 16فروری تک کس بھاری برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔