عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کشمیر میں درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ گرنے کیساتھ سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو یہاں کا درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سیلسیس تک گر گیا اور پانی کے ذخائر جزوی طور پر منجمد ہو گئے۔ مقامی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے پتہ چلتا ہے کہ سردی کی لہر جاری رہے گی، رات کے وقت درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے اور دھند والی صورتحال 22 دسمبر تک برقرار رہے گی۔
وادی بھر میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے رہا۔حکام نے بتایا کہ یہ شہر میں اس موسم سرما میں ریکارڈ کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں منفی 5.8 ، گلمرگ میں منفی 5.0 ،قاضی گنڈ میں منفی 3.8 ، کوکرناگ منفی 1.6 ، کپواڑہ میں منفی 4.2 ،اننت ناگ میں منفی 5.0،گاندربل میں منفی 3.9، پلوامہ میں منفی 5.3،بانڈی پورہ میں منفی 4.9،بارہمولہ میںمنفی 4.7،بڈگام میں منفی 4.5،کولگام میں منفی 2.2اور شوپیان میں منفی 6.0ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔وادی میں شدید سردی کی لہر کے باعث کئی آبی ذخائر منجمد ہو گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی کی پائپیں بھی جام ہو گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل سمیت کئی مقامات پر آبی ذخائر کے کنارے جمعرات کی صبح منجمند ہوگئے تھے۔ چلہ کلان کی آمد میں ایک ہفتہ باقی ہے اب چلہ کلاں کے دوران سردی کیسے تیور دکھائے گی اس پر کچھ کہنا قبل از وقت ہی ہوگا لیکن آثار و قرائن کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ خیر نہیں ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں24 دسمبر تک موسم سرد مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں 16 دسمبر کی رات کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 17 سے 24 دسمبر تک وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں صبح کے وقت معمولی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔