عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// Food Safety and Standards Authority of India(FSSAI)نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ پیک شدہ غذائی اشیا خریدنے سے پہلے ان پر درج لیبل کو احتیاط سے پڑھیں کیونکہ پیکٹ پر موجود معلومات سے لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ وہ کیا کھا رہے ہیں۔فوڈ سیفٹی ریگولیٹر نے یہ ہدایت اپنی بیداری مہم Eat Right Indiaکے تحت جاری کی ہے، جس کا مقصد صارفین کو صحت مند غذائی انتخاب کی طرف راغب کرنا ہے۔
حکام کے مطابق پیک شدہ غذائی اشیا کے لیبل پر صارفین کی صحت اور حفاظت سے متعلق اہم معلومات درج ہوتی ہیں۔ایڈوائزری کے مطابق فوڈ لیبلز پر مصنوعات میں استعمال ہونے والے اجزا، تیاری کی تاریخ اور مدتِ معیاد (ایکسپائری )سمیت ممکنہ الرجی پیدا کرنے والی اشیا کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ریگولیٹر نے کہا کہ صارفین کو چینی، نمک اور محفوظ رکھنے والے کیمیکلز (پریزرویٹوز)جیسے اجزا کی موجودگی بھی ضرور چیک کرنی چاہیے کیونکہ یہ غذائی انتخاب کو متاثر کر سکتے ہیں۔