پونچھ// جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح خطہ پیرپنچال میں بھی موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلتے ہوئے پہاڑی علاقو ں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ پونچھ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سے مسلسل جاری و ساری ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔گزشتہ کچھ روز موسم خو شگوار ہو نے کی وجہ سے جہاں لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی وہیں پھر سے برفباری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ساتھ سردی کی لہر میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی، سرنکوٹ، مینڈھر اور حویلی کے علاقوں میں برفباری کی وجہ سے شدید نقصان کے ساتھ ساتھ سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے جب کہ مختلف علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کا سبزیوں اور پھلوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ پونچھ قصبہ میں ہوئی حالیہ بارشوں سے میونسپل کمیٹی کی پول کھل گئی۔بارشوں کی وجہ سے مختلف نکاسی آب کے نالے اورنالیوں کے بند ہونے کی وجہ سے گندگی سڑک پر بہنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے راہگیروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ادھرسب ڈسٹر کٹ کوٹرنکہ بدھل خواص میں بھی دیر رات سے بارش اور برفباری کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ۔کوٹرنکہ اور بدھل کے بالائی علاقوں میں برف اور میدانی علاقوں میں بارش کی وجہ سے جہاں کسانوں کے چہروں پر مسکان نظر آئی وہیں کوٹرنکہ شہر کی سڑکوں پر کوڑا کرکٹ تیرتا ہوا نظر آنے لگا اور کوٹرنکہ شہر کا سارا کوڑا کرکٹ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کوٹرنکہ کے مین گیٹ کے باہر جمع ہوگیا جہاں مریضوں کے ساتھ ساتھ تیمارداروں کو بھی پرشیانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہویے کہا کہ سڑکوں کی نالیاں پختہ نہ ہونے کی وجہ سے معمولی سی بارش کے دوران سڑک اور نالیوں کا پانی دوکانوں و سرکاری کواٹروں تک پہنچ جاتا ہے اور انتظامیہ کبھی بھی غفلت سے بیدار نہیں ہوتی ہے۔