منجاکوٹ //ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں پیرپنجال پیپلز ویلفیئر فورم کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ استخار علی خان نے کی۔اس موقعہ پر استخار خان نے حکومت و انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ کے لوگوں کو پانی،بجلی،سڑکیں اور راشن کے ساتھ ساتھ روزگار جیسی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے یہ لوگ کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ منجاکوٹ میں کالج کی منظوری نہ ملنے پر تحصیل کے طلباء کے ساتھ ساتھ لوگوں میں بھی غم و غصہ پایاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ سی منجاکوٹ میں الٹراساؤنڈ مشین پچھلے تین سال سے خراب پڑی ہے لیکن کوئی اس جانب توجہ نہیں دے رہا۔ان کاکہناتھاکہ اس سرحدی علاقے میں پی ایچ سی کا فعال ہونا بہت ضروری ہے مگر بدقسمتی سے محکمہ صحت کے افسران خواب غفلت میں سورہے ہیں اور مریضوں کومعمولی سے علاج کیلئے راجوری کا رخ کرناپڑتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ لوگوں کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں ۔ اس موقعہ پر محمد معروف خان،نواز حسین شاہ،محمد رشید،افسر خان،بشارت حسین،چوکیدار خلیل،ظفر مرزا اور محمد فاروق بھی موجو دتھے ۔