عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں مالی شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پی ایچ کیو بجٹ الاٹمنٹ سافٹ ویئر کا باقاعدہ افتتاح پی سی آر کشمیر میں کیا گیا۔اس موقع پر وزارت داخلہ کے پرنسپل چیف کنٹرولر آف اکاؤنٹس ڈاکٹر اجے شنکر سنگھ نے سافٹ ویئر کا افتتاح کیا۔ یہ جدید پلیٹ فارم پولیس ہیڈکوارٹرز میں بجٹ کی تقسیم، نگرانی اور استعمال کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر نلن پربھات اسپیشل ڈی جی پی کوآرڈینیشن سید جاوید مجتبی گیلانی ایڈیشنل ڈی جی پی ہیڈکوارٹرز ایم کے سنہاانسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی سمیت کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ دیگر افسران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شامل ہوئے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر اجے شنکر سنگھ نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شفافیت، درستگی اور حقیقی وقت میں مالی نگرانی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ الاٹمنٹ سافٹ وئر جیسے نظام حکمرانی کو مضبوط بنانے اور عوامی وسائل کے بہتر استعمال میں اہم ثابت ہوں گے۔ڈی جی پی نلین پربھات نے بھی اس موقع پر جدید مالیاتی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پولیس ادارے میں کارکردگی اور جوابدہی کو مزید بہتر بنائیں گے۔تقریب کے دوران شکیل مقبول نے بجٹ الاٹمنٹ سافٹ وئرسافٹ ویئر کی تفصیلی پریزنٹیشن اور لائیو ڈیمونسٹریشن پیش کی، جس میں اس کی خصوصیات اور افادیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع وڑن کا حصہ ہے اور اس سے بجٹ کی منصوبہ بندی، تقسیم اور نگرانی میں آسانی پیدا ہوگی جبکہ تاخیر اور انسانی غلطیوں میں کمی آئے گی۔اس موقع پر ڈی جی پی نے ڈاکٹر اجے شنکر سنگھ کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔