عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(پی ایچ ڈی سی سی آئی)کے جموں و کشمیر چیپٹر نے صنعتی و تجارتی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری وکرم جیت سنگھ اور ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں راکیش منہاس کے ساتھ بات چیت کی۔ اجلاس میں جموں و کشمیر صنعتی پالیسی 2021-30میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔پی ایچ ڈی وفد کی قیادت جموں صوبے کے چیئرمین راکیش وزیر نے کی جبکہ کشمیرصوبے سے شریک ہونے والوں میں ہمایوں وانی ، جاوید انیم، بلال کائوسہ اور پی ایچ ڈی سی سی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال فیاض جان شامل تھے۔اجلاس کے دوران وفد نے صنعتی پالیسی کو مزید مضبوط، جامع اور پائیدار صنعتی ترقی کے لیے سازگار بنانے کے مقصد سے اہم اور ترجیحی تجاویز پیش کیں۔ محکمہ کی جانب سے چیمبر کو ہدایت دی گئی کہ ان تجاویز کو تفصیلی تحریری شکل میں جمع کرایا جائے، جس پر پی ایچ ڈی سی سی آئی نے فوری طور پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی جبکہ اہم سفارشات کو الگ سے نمایاں کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا۔اس موقع پرراکیش وزیر، چیئرمین جموں پی ایچ ڈی سی سی آئی نے کہاکہ کمشنر سیکریٹری کے ساتھ ہماری ملاقات نہایت مفید رہی۔ محکمہ کا اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے مثبت رویہ قابلِ ستائش ہے۔ ہماری تجاویز عملی نوعیت کی ہیں جن کا مقصد طریقہ کار کو آسان بنانا، مسابقت میں اضافہ کرنا اور ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں نئی اور موجودہ صنعتیں پائیدار انداز میں ترقی کر سکیں۔کمشنر سیکریٹری وکرم جیت سنگھ نے پی ایچ ڈی سی سی آئی کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلی تجاویز کی ستائش کی اور یقین دہانی کرائی کہ محکمہ تحریری سفارشات کا بغور جائزہ لے گا۔