عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے پیر کو الزام لگایا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے حالیہ راجیہ سبھا انتخابات میں “فکسڈ میچ” کے ذریعے بی جے پی کو نشست دلائی۔ انہوں نے سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک آر ٹی آئی جواب سے انکشاف ہوا ہے کہ پی ڈی پی نے انتخابات کے دوران کوئی پولنگ ایجنٹ مقرر نہیں کیا تھا۔ لون نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ کا نظام اس لیے ہوتا ہے تاکہ پارٹی ممبران کے ووٹ کی نگرانی ہو سکے اور انحرافی قوانین پر عمل ہو۔ “ایجنٹ نہ ہونے کا مطلب تھا کہ ممبران آزادانہ طور پر بغیر کسی نگرانی کے ووٹ دے سکتے تھے۔
پی سی صدر نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ اگر یہ معاملہ حکومت کے تحت اسمبلی عملے اور اسپیکر کے دائرے میں تھا تو وزیر اعلیٰ کو اس وقت علم کیوں نہیں ہوا۔ “کیا وزیر اعلیٰ کو معلوم نہیں تھا کہ پی ڈی پی نے ایجنٹ مقرر نہیں کیا؟” انہوں نے الزام لگایا کہ این سی اور پی ڈی پی نے مل کر ایسا رویہ اختیار کیا جس کا نتیجہ بی جے پی کے حق میں نکلا۔ “ایک پارٹی نے ایجنٹ مقرر نہیں کیا اور دوسری نے اعتراض نہیں اٹھایا۔ دونوں نے مل کر بی جے پی کو نشست تحفہ دی۔سجاد لون نے مزید کہا کہ 2024 کے اسمبلی انتخابات بی جے پی مخالف بیانیے پر لڑے گئے تھے لیکن انہی جماعتوں نے بعد میں راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچایا۔ “میں نے تب بھی کہا تھا کہ یہ فکسڈ میچ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز کانفرنس نے اس نشست کو کانگریس کو دینے کی صورت میں حمایت کی پیشکش کی تھی لیکن این سی اور پی ڈی پی نے دوسرا راستہ اختیار کیا۔ لون نے سرکاری محکموں میں آؤٹ سورسنگ کے مسئلے کو بھی اٹھایا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں تقریباً 22 سے 24 ہزار نوکریاں آؤٹ سورس کی گئی ہیں۔