سرنکوٹ // سرنکوٹ کے صدر مقام سے دس کلو میٹر دوری پر واقع بفلیاز میں روزانہ بدترین ٹریفک جام لگارہتاہے جس کی وجہ سے ہر خاص و عام کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔اتوار کوبھی دوپہر تک جام لگا رہا جس سے لوگ شدید پریشان ہوئے۔ مقامی دکانداروں محمد امین خان، قیوم خان، شریف خان اوربشیر خان نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے بفلیاز بازار میں نالیوں کو کھودا گیا ہے جہاں مٹی کو پڑے ہوئے ایک ہفتہ سے زائد عرصہ بیت گیاہے جس کی وجہ سے پہلے سے تنگ سڑک اور زیادہ تنگ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ نالیوں کا ملبہ سڑک پر پڑاہواہے لیکن اسے ہٹایانہیں جارہا۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج میں بھی انتظامیہ اتنی سست روی کا شکار ہے جو بدقسمتی کی بات ہے۔دوکانداروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگ بھگ تین گھنٹے جام لگا رہا اور کسی کو ٹس سے مس نہیں ہوئی ،جام کے نتیجہ میں مریضوں کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑااور وہ وقت پر ہسپتال نہیں پہنچ سکے۔انہوں نے کہاکہ اگر انتظامیہ سے کام نہیں ہوپارہاتو اسے عہدہ چھوڑ دیناچاہئے اور اس طرح سے غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ موسم گرما میں مغل شاہراہ کھل جانے کے بعد بفلیاز سرنکوٹ روڈ پر ٹریفک کا دبائوبڑھ جاتاہے جبکہ یہ سڑک بھی انتہائی تنگ ہے جس وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوتاہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ اس سلسلے میں بارہا احتجاج بھی کرچکے ہیں کہ اس روڈ کو کشادہ کیاجائے لیکن کسی کے کانوں جوں نہیں رینگتی اور اس سڑک کی حالت دن بدن خراب بنتی جارہی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ اس سڑک کی کشادگی کو یقینی بنایاجائے تاکہ روزروز کے جام سے نجات مل سکے۔