محمد تسکین +اشتیا ق ملک
بانہال// پچھلے کئی روز سے ابرآلود مطلع جمعہ کی صبح سے صاف ہو گیا اور آسمان کے صاف ہونے کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگئی یے اور سردی میں اضافہ ہوگیا۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ضلع رام بن میں پیر پنجال کے پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برفباری ہوئی تاہم میدانی علاقوں میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود بارش نہیں ہوئی۔ پہاڑوں پر ہوئی برفباری اور موسم کے صاف ہونے کیوجہ سے وادی چناب کے باقی علاقوں کی طرح ضلع رام بن کے علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور جمعہ کی صبح کئی علاقوں میں پانی جم گیا تھا۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل یا دشواری کے جاری ہے اور جمعہ کی صبح سے شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے جموں اور سرینگر کی منزلوں کا سفر کیا۔ ادھرگذشتہ روز ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہوئی برفباری و بارشوں کے بعد جمعہ کو مطلع صاف رہا تاہم شبانہ درجہ میں گراؤٹ آئی۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ و عسر مرمت کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جو دیر شام تک جاری رہی۔بارشوں و برفباری کے ساتھ ہی خطہ میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور طویل خشک سالی بھی ختم ہوئی۔ جمعہ کے روز مطلع صاف رہا تاہم صبح و شام کی سردی برقرار ہے۔