پونچھ//ہفتہ وار پونچھ راولاکوٹ راہِ مِلن بس سروس ہر ہفتہ کی طرح اس بار بھی پر حدِ متارکہ کے آر پار ہوئی۔ اس بار پونچھ سے راولاکوٹ جانے والی بس سے 11افراد پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو روانہ ہوئے جن میں10مسافرپونچھ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد واپس اپنے وطن لوٹ گئے جبکہ1افراد پونچھ سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں رہنے والے رشتہ داروںسے ملاقات کیلئے ہوا۔ اسی طرح پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ آئی بس سے 11 افراد نے کنٹرول لائن عبور کی جن میں4نئے مسافر راولاکوٹ سے پونچھ اپنے رشتہ دارو ں سے ملاقات کے لئے پہنچے اور 7افراد راولاکوٹ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن لوٹ آئے ۔ مجموعی طور پر22 افراد نے حدِ متارکہ کے آر پار سفر کیا۔ مسافروں نے دوران سفر سہولیات نہ ملنے پر ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے دونوں حکومتوں سے اپیل کی کہ انہیں فون و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ پونچھ سپورٹس سٹیڈیم میں نہ ہی کوئی کینٹین ہے اورنہ ہی بیٹھنے کاکوئی انتظام جس کے نتیجہ میں وہ مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔