محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گنڈی کے مقام پرکل ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار میٹاڈور اور آٹو کے درمیان شدید تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو بھاری نقصان پہنچا اور موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔عینی شاہدین اور زخمیوں کے مطابق میٹاڈور نہایت تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی جبکہ اس میں نصب ڈیک انتہائی اونچی آواز میں بجایا جا رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بلند آواز اور تیز رفتار کے باعث ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹ گئی جس کے نتیجے میں یہ خطرناک حادثہ رونما ہوا۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ضلع ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے، تاہم تمام زخمی زیر علاج ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے شواہد اکٹھا کر لئے ہیں اور متعلقہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔مقامی عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتاری، غیر قانونی طور پر اونچی آواز میں ڈیک بجانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔