پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے کنویاں گائوں کی وارڈ نمبر 1 کی عوام نے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔ لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کی۔ محمد قاسم نامی شخص نے کہا کہ محلہ میں پانی کی قلت سے عوام پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے محلہ میں پانی کی پائپ لائنیںبچھائی گئی ہیں لیکن اس میں پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایاجارہا ہے ۔ لوگوں نے کہا ہمارے علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے اور گائوں میں ہر کوئی پانی کے بحران سے پریشان ہیں۔انھوں نے کہا اگر چہ پانی زندگی کا ایک اہم جز ہے تاہم انھیں پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔مقا می خاتون منشا بی نے کہا کہ ہم نے پانی کی فراہمی کو بحال رکھنے کے لئے محکمہ جل شکتی کے ہر عہدیدار سے رجوع کیا ہے لیکن کوئی بھی ہماری شکایت پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔انھوں نے متعلقہ محکمہ پر گاؤں میں پانی کی فراہمی کی سہولت کے لئے کوئی توجہ نہیں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ملازمین مناسب طریقے سے ڈیوٹی نہیں دے رہے ہیں کیونکہ وہ پانی کی قلت کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کو گھرو سے دو کلو میٹر دور جا کر اپنے سروں پر استعمال کے لئے پانی ڈھونا پڑتا ہے ۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ پونچھ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر توجہ دیں اور ان کی روز روز کی پریشانی کو دور کریں۔
بریری گائوں میں آلودہ پانی سپلائی کرنے کا الزام
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے بریری گائوں کے مکینوں نے محکمہ آب رسانی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو آلودہ پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات معیاری اعتبار سے فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔مکینوں نے کہاکہ بریری مانپور واٹر سپلائی سکیم کے ذریعہ مکینوں کو مسلسل آلودہ اور نا قابل استعمال پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے عام لوگوں بالخصوص بچوں و بزرگو ں میں کئی قسم کی بیماریاں پھیل سکتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر معیاری سپلائی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن اس کے باوجود محکمہ لوگوں کو آلودہ پانی ہی سپلائی کررہا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور مقامی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کے پانیہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کروائی جائے جبکہ غیر معیاری پانی سپلائی کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔