پونچھ//پونچھ کے صدر مقام پر کرشن چندر پارک ڈگری کالج اور ضلع عدالت پونچھ کے بالکل درمیان میں واقع محلہ بستی وارڈ نمبر4میں پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کوپریشان کر رکھا ہے ۔ مکینوں نے کہاکہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے تو بڑے بڑے دعوی کئے جارہے ہیں کہ شہر میں پانی کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن یہ دعوی زمینی سطح پر بالکل غلط دیکھائی دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے محلہ کی خواتین اور مردوں اور بچوں کو پانی کے چھوٹے بڑے برتن ہاتھوں میں لیکر اِدھر ُادھر پانی کی تلاش میں رہتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے جلد سے جلد اقدامات کرنے ہوں گے۔پونچھ شہر جہاں چاروں طرف آبی ذخائر ہیں اس کے باوجو عوام پانی کو ترس رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف کئی بار احتجاج کئے جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ عوام پیاسے ہیںا س کی ان عہدیداروں کو کیا فکر ہوگی جن کے دسترخوان ٹھنڈے مشروبات سے سجے رہتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بجٹ میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اربوں کی رقم تو مختص کی گئی تھی لیکن تاحال منصوبوں پر کام شروع نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ محلہ بستی شہر پونچھ کا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں زیرزمین پانی پینے کے قابل ہے۔اگر منصوبہ بند طریقہ اپنایا جائے تو یہاں کی عوام کی پانی کی قلت ختم ہو سکتی ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کر کے شہریوں کو پانی کی قلت سے نجات دلائیں۔