حسین محتشم
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ضلع پونچھ کی جانب سے فٹ انڈیا مہم کے تحت ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹکس، والی بال اور بیڈمنٹن کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سرگرمیاں اسپورٹس/نان اسپورٹس ایکٹیویٹی کیلنڈر 2025–26 کے مطابق منعقد کی گئیں، جن کا بنیادی مقصد طلباء میں صحت مند سوچ، جسمانی مضبوطی اور کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ضلع کے مختلف علاقوں اور اسکولوں میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ٹریک اینڈ فیلڈ کے مقابلوں میں دوڑ، رسّہ پھلانگ، شاٹ پٹ اور لانگ جمپ جیسے ایونٹس شامل تھے، جن میں نوخیز کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ والی بال اور بیڈمنٹن کے مقابلوں میں بھی کھلاڑیوں نے شاندار مہارت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا۔تمام مقابلے شعبہ کھیل کے ماہرین، بشمول پی ای ایم، پی ای ایل، آر ای ٹیز، اور ار ای کے فزیکل ایجوکیشن اساتذہ کی تکنیکی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ اس تکنیکی ٹیم نے نہ صرف مقابلوں کی منصفانہ نگرانی کی بلکہ طلباء کی حوصلہ افزائی اور تربیت کے پہلوؤں پر بھی بھرپور توجہ دی، جس سے پورا پروگرام انتہائی منظم، شفاف اور کامیاب رہا۔پورے پروگرام کی مجموعی نگرانی اور جامع مانیٹرنگ محمد قاسم، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر (ڈی وائی ایس ایس او) پونچھ نے انجام دی۔ انہوں نے مختلف مقابلہ گاہوں کا دورہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ محمد قاسم نے کہا کہ فٹ انڈیا مہم نہ صرف جسمانی صحت کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھاتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور فزیکل ایجوکیشن عملے کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔عبدالحق، ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر (ڈی پی سی) پونچھ نے بھی تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلوں اور ہمہ جہت سرگرمیوں کو فروغ دیتا رہے گا۔