محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والی باہمت اور باصلاحیت کھلاڑی ابھیلو کور نے بین الاقوامی اسپورٹس کی دنیا میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ محلہ کھوڑی نار وارڈ نمبر8، پونچھ کی رہائشی اور خوشپال سنگھ کی صاحبزادی ابھیلو کَور نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ایشیائی لیکروس گیمز میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فائنل مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دے کر بھارت کے لیے طلائی تمغہ جیت لیا۔یہ کامیابی نہ صرف بھارتی کھیلوں کے لئے ایک بڑا سنگِ میل ہے بلکہ جموں و کشمیر یو ٹی کے لئے بھی ایک تاریخی لمحہ ہے، کیونکہ ابھیلو کَور جموں و کشمیر کی پہلی اور واحد خاتون کھلاڑی ہیں جنہوں نے لیکروس جیسے ابھرتے ہوئے عالمی کھیل میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان کی یہ کامیابی ریاست کی نوجوان لڑکیوں کیلئے ایک روشن مثال اور تحریک کا ذریعہ بن کر سامنے آئی ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ ابھیلو کَور اس سے قبل قومی سطح کی ہاکی کھلاڑی بھی رہ چکی ہیں اور وہ 16 مرتبہ جموں و کشمیر کی نمائندگی قومی ہاکی مقابلوں میں کر چکی ہیں۔ ہاکی کے بعد لیکروس میں ان کا شاندار سفر ان کی ہمہ جہت صلاحیتوں، سخت محنت اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ریاض میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں بھارتی خواتین ٹیم نے بہترین ٹیم ورک، مضبوط دفاع اور جارحانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، جس میں ابھیلو کَور کا کردار نمایاں رہا۔ میچ کے اختتام پر قومی ترانہ بجتے ہی بھارتی کھلاڑیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور چہروں پر فخر نمایاں تھا۔ابھیلو کَور کی اس شاندار کامیابی پر ضلع پونچھ، جموں و کشمیر اور ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں، سماجی تنظیموں اور عام شہریوں نے اس تاریخی کارنامے پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی بھارت کے لئے مزید اعزازات حاصل کریں گی۔بلاشبہ، ابھیلو کَور کا یہ کارنامہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ اگر مواقع، حوصلہ افزائی اور محنت یکجا ہو جائیں تو وادی چناب اور پیر پنجال کی بیٹیاں بھی عالمی افق پر بھارت کا پرچم سربلند کر سکتی ہیں۔