محتشم احشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں علم، شعور اور سیرتِ علوی کے فروغ کیلئے سالانہ یومِ علی کے عنوان سے دو روزہ عظیم الشان تقریب کا شاندار آغاز ہو گیا۔ اس بامقصد تقریب کا انعقاد ہر سال کی طرح امسال بھی انجمن جعفریہ پونچھ کی نگرانی اور خاتم الانبیاء لائبریری کی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔تقریب کے پہلے روز بچوں کے مابین کلی مقابلے اور تقریری مقابلے منعقد کئے گئے، جن میں سینکڑوں طلباء و طالبات نے حصہ لے کر اپنی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں میں بچوں نے حضرت علی علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ، عدل، شجاعت، علم، تقویٰ اور انسانی اقدار کے مختلف گوشوں کو اپنے فن، گفتار اور خیالات کے ذریعے اجاگر کیا، جسے حاضرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔منتظمین کے مطابق اس دو روزہ تقریب کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے روشناس کرانا، ان کے کردار کو عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا اور بچوں میں دینی و اخلاقی شعور بیدار کرنا ہے۔ تقریب میں شریک والدین اور اساتذہ نے بھی اس اقدام کو نہایت قابلِ ستائش قرار دیا۔انتظامیہ نے بتایا کہ اس سلسلے کی اختتامی تقریب آج بروز اتوار ٹون ہال پونچھ میں منعقد کی جائے گی، جس میں طلبہ و طالبات کی جانب سے مختلف اسٹیج اسکرٹس، تمثیلی مظاہرے، قرآنی مقابلے اور کوئز مقابلہ جات پیش کئے جائیں گے۔ اختتامی پروگرام میں ضلع بھر سے علمائے کرام، دینی شخصیات، سماجی رہنما اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔منتظمین کے مطابق ان مقابلہ جات میں ضلع کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے بچے اور بچیاں یکساں طور پر حصہ لے رہے ہیں، جو اس تقریب کو مزید جامع اور بامعنی بناتا ہے۔ آخر میں انتظامیہ کی جانب سے عوام الناس سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بابرکت اور تعلیمی و فکری تقریب میں شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور سیرتِ علوی سے اپنی عقیدت اور وابستگی کا اظہار کریں۔