محتشم احتشام
پونچھ//میرا یووا بھارت، مائی بھارت پونچھ کی جانب سے کمیونٹی ڈیولپمنٹ یوتھ کلب کے اشتراک سے چنڈک میں کلسٹر سطحی اسپورٹس ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، کھیلوں کے ذریعے باہمی اتحاد کو مضبوط بنانا اور مثبت سماجی اقدار کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے، ایسوسی ایٹ پروفیسر، گورنمنٹ ڈگری کالج پہنچ تھے، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، قیادت اور ٹیم ورک جیسی اعلیٰ صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور منفی سرگرمیوں سے دور رہیں۔تقریب میں مہمانِ اعزاز ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول گلی پنڈی رہے، جنہوں نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلباء کی ہمہ جہت نشوونما کے لئے نصاب کے ساتھ کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے جبکہ خصوصی مہمان اور پروگرام کے منتظم معروف سماجی کارکن محمد حنیف تھے، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین اور نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ سماج میں امن، بھائی چارے اور مثبت سوچ کو بھی تقویت دیتے ہیں۔اس موقع پر ہاشمی کلب بی کی جانب سے سرفراز احمد بھی موجود رہے، جنہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ٹورنامنٹ میں مختلف ٹیموں نے حصہ لیا اور کھیلوں کے مقابلے انتہائی جوش و خروش اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ کھیلے گئے۔ اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔منتظمین نے کہا کہ میرا یووا بھارت، مائی بھارت پونچھ آئندہ بھی نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی کے لئے اسی نوعیت کے تعمیری اور صحت مند پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا۔