مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ میں پہاڑی طبقہ کی ایک وسیع آبادی مشکل ترین پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہونے کے ساتھ ساتھ ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ان غریبوں کے پاس نہ تو پختہ رہائشی مکانات ہیں اور نہ ہی مرکزی حکومت کی معاونت سے چلائی جارہی سکیموں کا فائدہ پہنچانے کیلئے کوئی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔سب ڈویژن مینڈھر کے مختلف دیہات میں رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے نہ تو پہاڑی طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی خصوصی سکیم شروع کی جارہی ہے اور نہ تو برسوں سے ان کی دیگر مانگوں کو پورا کرنے میں کوئی دلچسپی لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے غریب طبقہ کو پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت رہائشی مکانات کی تعمیر میں معاونت دی جارہی ہے لیکن پہاڑی طبقہ کی ایک وسیع آبادی کو مذکورہ سکیم کے ابھی تک زمرے میں لایا ہی نہیں جاسکا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ملازمین غریبوں کو یکسر نظر انداز کر کے اثر و رسوخ روکھنے والوں کو فلاحی سکیموں کا فائدہ پہنچانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے پہاڑی طبقہ کی مانگیں پوری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سماجی سطح پر غیر یکسانیت پیدا ہوگئی ہے ۔غریب طبقہ نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ بی پی ایل کی بنیاد پر غریبوں کو پردھان منتری آواس یوجنا کا فائدہ پہنچایا جائے ۔