پونچھ//پونچھ میں محنت کش مزدور طبقہ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہے ۔گزشتہ دو برس سے کورونا وائر س جیسی عالمی وبا سے زیادہ تر مزدور طبقہ متاثر ہوا ہے،جس کی بنیادی ضروریات تک پوری نہیں ہو رہی ہیں۔ جہاں تک مزدوروںکے حقوق کے تحفظ کیلئے بنائے گئے قوانین کا تعلق ہے، ان قوانین کا اطلاق نہ ہونا بھی محنت کش طبقہ کے استحصال کا باعث بن رہا ہے محنت کش طبقہ کے حقوق کی حفاظت کو یقینی بنانے کے دعوی تو کئے جا رہے ہیں لیکن زمین سطح پر مزدور کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔پونچھ میں ضلع کے دور دراز علاقہ جات سے سینکڑوں کی تعداد میں کام کرنے والے مزدور انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔بس اڈہ پونچھ پر کام کرنے والے مزدوروں نے بتایاحکومت کی جانب سے رائج لیبر قوانین کے تحت مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں دیئے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ موجودہ حالات کی وجہ ایک طرف بے روزگاری ، دوسرا مہنگائی کے باعث مزدور طبقہ زبوں حالی کا شکار ہے۔ بس اڈہ پونچھ پر کام کرنے والے مزدور محمد طارق، محمد فرید، محمد حبیب،امتیاز پیر اور امتیاز احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے ان کا کام بھی متاثر ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مزدروں کو لیبر کارڈ بنا کر دیئے جارہے ہیں لیکن وہاں اتنے زیادہ لوازمات پورے کرنے پڑتے ہیں کہ ایک مزدور کے کئی کئی دن ضائع ہوتے ہیں پھر بھی ان کو کارڈ دستیاب نہیں ہوتا۔انھوں نے بتایا کہ جن مزدوروں کے کارڈ بنے ہیں ان کو بھی کوئی فائدہ نہیں مل رہا ہے۔مزدوروں نے برہمی کا اظہار کرے ہوئے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے بس اڈہ پونچھ پر مزدوروں کے بیٹھنے کے لئے شیڈ بنانے کا مطالباہ کر رہے ہیں مگر افسوس ان کی کوئی سننے والانہیں۔انھوں نے حکومت سے مزدور طبقے کو مالی لحاظ سے اوپر لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنے اور ایسے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی جن سے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے۔