پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں عید الضحیٰ کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات پرمیٹنگ منعقد کی جس میں ضلع افسران،سیاسی وسماجی کارکنان، علمائے کرام اور سیول سوسائٹی ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس دوران حفاظتی انتظامات،عید گاہوں کی صفائی ستھرائی، پانی، بجلی اور راشن کے علاوہ دیگر کئے جانے والے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران جہاں عید گاہوںاور مسجدوں کے ارد گرد صفائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا وہی سڑکوں کی مرمت ،عید گاہوں کے قریب بیت الخلاء بنائے جانے اور بجلی کی معقول فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنرپونچھ نے موقعہ پر موجود محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران کو بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے ہدایت دی کہ جہاں پائپوں کے ذریعہ پانی نہیں پہنچ پا رہا ہے وہاں ٹینکر پہنچا کر لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔انہوں نے محکمہ فائر سروس کو بھی ہدایت دی کہ وہ عید کے دوران متحرک رہے ۔میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسرکو ہدایت دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پورے شہر میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے ۔انہوںنے راشن اور تیل خاکی بھی دستیاب رکھنے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے مارکٹ چیکنگ کرنے پر بھی زور دیااور قیمتوں میں اعتدال رکھنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے اے آر ٹی او کو بھی ہدایت دی کہ وہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے اقدام کریں ۔اجلاس میں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد اشرف چوہان، اے سی ڈی سید زبیر حسین شاہ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی، محکمہ پی ایچ ای ، محکمہ تعمیرات عامہ اور اسسٹنٹ ڈریکٹر محکمہ امور صارفین بھی موجو دتھے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے بجلی محکمہ کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کر کے ضلع میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی سی نے مضبوط نیٹ ورک کی تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ کٹوتی کو کم کیاجائے اور لوگوں کو بہتر سے بہتر سپلائی فراہم کی جائے ۔