پونچھ// ژالہ باری، شدید آندھی اور بارشوں نے پونچھ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔اس دوران پھل دار درختوں سے پھل گر کر تباہ ہوگئے، سبزیوں، فصلوں ، گاڑیوں اور مکانوں نقصان ہوا۔جمعہ کوسہ پہر قریب 5بجے پونچھ ضلع میں شدید بارشیں شروع ہوئیں، جس کے ساتھ ہی زوردار آندھی آگئی اورژالہ باری ہونے لگی۔ زوردار آندھی ،ژالہ باری اور بارشوں کی وجہ سے بجلی کی ترسیلی لائیوں پر درخت گر گئے،جبکہ تیز ہوائوں کے نتیجے میں بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑ گئے، جس کی وجہ سے کافی نقصان ہوا۔اس دوران مختلف مقامات پر بجلی گل ہوگئی جس کے بعد پورے ضلع میں رات بھر بجلی غائب رہی۔محکمہ بجلی کی جانب سے پوری رات مرمتی کا کام کیا گیا اور سنیچر وار کی صبح کچھ علاقوں کے علاوہ پورے ضلع میں بجلی بحال کر دی گئی ۔محکمہ بجلی کے ایکس ای این ارشاد حسین نے سنیچر وار کو تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود ملازموں کو فوری طور پر مرمتی کر کے بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ۔