محتشم احتشام
پونچھ// حضرت بی بی زینب سلامُ اللہ علیہا کی المناک شہادت کی مناسبت سے پونچھ میں ایک عظیم الشان، پُراثر اور روح پرور مجلسِ عزاء منعقد ہوئی۔ یہ مجلسِ عزاء مرحوم و مغفور الحاج اصغر علی وارؒ کے اہلِ خانہ کی جانب سے امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں مومنین و مومنات نے شرکت کی۔مجلسِ عزاء کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبولؐ، منقبتِ اہلِ بیتؑ، قصائد، سلام اور نوحوں کے پُرسوز نذرانے پیش کیے گئے۔ فضاء سوگوار رہی اور حاضرین اشکبار آنکھوں کے ساتھ مصائبِ آلِ محمدؐ سنتے رہے۔ اس موقع پر کشمیری مرثیہ بھی روایتی انداز میں پڑھا گیا، جس نے مجلس کی روحانیت اور اثر کو دوچند کر دیا۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید ظہیر عباس جعفری نے حضرت بی بی زینبؑ کے فضائل، کردارِ صبر و استقامت اور کربلا کے بعد ان کے تاریخی و انقلابی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔