محتشم احتشام
پونچھ//شہر پونچھ کے محلہ شنکر نگر میں گزشتہ شب ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم شخص نے کھڑی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ایڈووکیٹ طاہر محمود قادری نے رات تقریباً 10:30 بجے اپنی گاڑی اسٹار ہوٹل کے قریب پارک کی تھی۔ صبح جب وہ اپنی گاڑی لینے پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ گاڑی کا اگلا شیشہ مکمل طور پر ٹوٹا ہوا تھا، جبکہ قریب ہی کھڑی ایک آٹو رکشہ کا فرنٹ شیشہ بھی شکستہ پایا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی گئی، جس کے دوران ایک ذہنی طور پر متاثرہ شخص کو جائے وقوعہ پر گھومتے ہوئے دیکھا گیا، جو کمبل میں لپٹا ہوا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر مذکورہ شخص کو گاڑیوں کے قریب موجود دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں مقامی افراد سے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ شخص اکثر اسی مقام پر دکانوں کے باہر سوتا رہتا ہے۔مزید انکشاف ہوا کہ مذکورہ شخص اس سے قبل بھی ایک اور گاڑی کو نقصان پہنچا چکا ہے، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہی شخص دونوں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کا ذمہ دار ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے ذہنی طور پر متاثرہ اور بے قابو افراد کی کھلے عام موجودگی عوامی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، کیونکہ کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسا شخص کسی شہری، بچے کو نقصان پہنچا سکتا ہے یا کسی گاڑی یا مکان کو آگ لگانے جیسے خطرناک اقدام کا مرتکب بھی ہو سکتا ہے۔علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے ضلع انتظامیہ اور پولیس سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیں، مذکورہ شخص کو حفاظتی تحویل میں لے کر کسی سرکاری ذہنی صحت کے ادارے میں منتقل کریں تاکہ اسے مناسب علاج فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے واقعات پر کڑی نظر رکھے اور شہر میں گشت بڑھا کر مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کو یقینی بنائے۔