مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ میں ڈرائیوروں کی جانب سے مسلسل اضافی کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی کارروائی ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ڈرائیوروں کی جانب سے مسلسل اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ جموں اور کشمیر جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیور بھی مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کررہے ہیں تاہم اس سلسلہ میں متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ اضافی کرایہ وصول کرنے کیساتھ ساتھ ڈرائیور ان کیساتھ بدتمیزی کیساتھ پیش آتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ ڈرائیور مینڈھر سے جموں کیلئے 6سو کے بجائے 8سو روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ مینڈھر اور پونچھ کے مختلف علاقوں سے سے سرینگر کیلئے ایک ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں نہ تو ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی کی جارہی ہیں او ر نہ ہی اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ کی جانب سے متعدد مرتبہ یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں لیکن ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اسسٹنٹ ایجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے ڈرائیوروں کو کنٹرول نہیں کیاجاسکتا تو ان کو لائسنس بھی جاری نہیں کئے جانا چاہئے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ ضلع میں کرایہ کے سلسلہ میں عملی کارروائی کر کے غریبوں کو اضافی کرایہ سے بچایا جائے ۔