بے ہنگم پارکنگ سے پیدل چلنا بھی محال،حکام سے فوری کارروائی کی مانگ
محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ شہر میں ٹریفک کی بدانتظامی روز بروز سنگین ہوتی جا رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر مرکزی تجارتی علاقوں جیسے مین بازار، قلعہ مارکیٹ اور گورنمنٹ ڈگری کالج جانے والی سڑکوں پر دو پہیہ گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ نے ٹریفک کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق سڑکیں پہلے ہی تنگ ہیں، جبکہ غیر منظم پارکنگ نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ نتیجتاً پیدل چلنے والوں، طلبہ و طالبات اور ایمرجنسی سروسز کو گزرنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ کئی مواقع پر ایمبولینس اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کو بھی راستہ نہ ملنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جو کسی بھی وقت انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی نشاندہی کئی بار متعلقہ حکام کے سامنے کی جا چکی ہے، تاہم ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔ عوام کا الزام ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔تاجروں اور مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے مصروف علاقوں میں فوری طور پر باقاعدہ پارکنگ زونز قائم کیے جائیں اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی فعال موجودگی کو یقینی بنانے اور ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے کے لیے جدید حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پونچھ شہر میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف روزمرہ زندگی بلکہ تعلیمی اور تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی پڑیں گے۔ شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔