راجوری // فوج نے پیر کے روز پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ایک سرکاری بیان میں فوج نے کہا کہ 30 اگست کی صبح سویرے کنٹرول لائن کے اُس پار سے جنگجوئوں نے پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کی۔فوج نے کہا کہ الرٹ فوجی دستوں نے مربوط نگرانی گرڈ کے موثر استعمال سے دراندازی کا پتہ لگایا۔فوج کے دستوں کی جانب سے چیلنج کئے جانے کے بعد طرفین نے فائر کھول دیا جس کے بعد طرفین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جو کافی دیر رک جاری رہا جس میںایک جنگجو جاں بحق ہوا جس کی لاش بر آمد کی گئی۔ اور ایک اے کے 47 رائفل برآمد ہوئی۔فوج نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں شروع کئے گئے آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا اور سہ پہر کے وقت کنٹرول لائن کے نزدیک ایک اور جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی اور اور ایک رائفل بھی بر آمد ہوئی۔فوج نے کہا کہ بظاہر مذکورہ جنگجو صبح کی جھڑپ کے دوران زخمی ہوا تھا، اور بھاگنے کے دوران زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔فوج نے کہا کہ دونوں جنگجوئوں کی لاشیں تحویل میں لی گئی ہیں تاہم انکی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ فوج نے کہا کہ علاقے میں ابھی بھی آپریشن جاری ہے اور فوج کی چوکسی کی یہ کارروائی لائن آف کنٹرول کے ساتھ کسی بھی غلط مہم کو ناکام بنانے کے لیے بھارتی فوج کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔دریں اثنا ، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بقیہ عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے جو اس گروپ کا حصہ تھے جو لائن آف کنٹرول سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ گروپ تین سے چار بھاری مسلح عسکریت پسندوں پر مشتمل تھا اور جو دراندازی کی کوشش کر رہے تھے لیکن انہیں روک لیا گیا اور دو عسکریت پسند فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے جبکہ ایک سے دو باقی عسکریت پسند یا تو آگے کے علاقے میں موجود ہو سکتے ہیں یا واپس جانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔