۔ 4منشیات فروش گرفتار،سرینگرمیں سمگلرکی جائیداد قرق
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے منظم منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گاندربل میں کروڑوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کی،جبکہ بارہ مولہ میں دومنشیات فروشوں کو گرفتار کیاگیا اورسرینگر میں ایک سمگلر کی جائیدادبھی ضبط کی گئی۔ گاندربل پولیس نے منظم منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گاندربل میں کروڑوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کی،جس کی بین الاقوامی منڈی میں قیمت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ یہ آپریشن علاقے میں سرگرم منشیات نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے اور پولیس کے زیرو ٹالرنس رویے کو اجاگر کرتا ہے۔ پولیس نے8دسمبرکو خصوصی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش محمد عرفان بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن کھرباغ واکورہ کو گرفتار کیا۔ اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 200/2025 درج کی گئی اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس کا مقصد منشیات کے سپلائرز کے روابط اور نیٹ ورک کو بے نقاب کرنا ہے۔ عدالت سے حاصل سرچ وارنٹس کے تحت سْمبل، شادی پورہ، زکورہ اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ تحقیقات کے دوران ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش مقصود حسین خان ولد عبدالمجید خان ساکن حضرت بل حال گوری پورہ صنعت نگرکو بھی حراست میں لیا گیا۔ 16اور17دسمبر کی رات کواس کے کرائے کے مکان گوری پورہ، صنعت نگر سے دو پیکٹ کوکین نما مادہ برآمد ہوا جس کا وزن تقریباً ایک کلوگرام ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی۔ پولیس نے ایک گاڑی، موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی ضبط کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔ ادھرجموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ میں2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا۔پولیس چوکی واگورہ کی پولیس پارٹی نے انچارج واگورہ کی قیادت میں مانگم واگورہ کراسنگ پر قائم چوکی پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان کی شناخت عبدالقیوم لون ولد غلام حسن لون ساکنہ کلانتر بالا اور سورج احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکنہ شیخ پورہ کریری کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کی ذاتی تلاشی کے دوران، 8 گرام اور 2 گرام وزنی ممنوعہ مادہ (ہیروئن نما) بالترتیب اور 22,500 روپے اور 500 روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی۔ اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 90/2025 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ پولیس سٹیشن کریری میں درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ پولیس نے سرینگر میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی تقریباً 1.5 کروڑ روپے مالیت کی ایک غیر منقولہ جائیداد ضبط کی ۔یہ کارروائیایف آئی آر نمبر 75/2025 تحت دفعہ 8/20 اور 29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کی گئی ہے ۔ دوران تفتیش ملزم اور اس کے اہل خانہ کے اثاثوں کے بارے میں جامع انکوائری کی گئی۔ ریونیو ریکارڈ، جائیداد کے دستاویزات، فیلڈ ویری فکیشن رپورٹس، ویلیوایشن ان پٹس، اور متعلقہ افراد کے بیانات کی جانچ سے یہ بات سامنے آئی کہ 2018-2019 کے دوران تعمیر ہونے والا دو منزلہ رہائشی مکان منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی رقم سے بنایا گیا۔یہ ثابت ہوا کہ ملزم اور اس کے خاندان کے افراد کی معلوم اور جائز آمدنی مذکورہ جائیداد کے حصول اور تعمیر کے جواز کے لیے ناکافی تھی۔ فنڈز کا ذریعہ غیر واضح پایا گیا۔