سرینگر//حالیہ برسوں میں کشمیرچھوڑ کرچلے گئے پنڈتوں کے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اورنیشنل کانفرنس حکومت کی کوششوں کے بدولت پنڈتوں کیلئے جس وزیراعظم پیکیج کااعلان کیا گیاتھااس کے تحت جن نوجوانوں کو نوکریاں ملیں ان کو نہ تو ترقیاں دی جارہی ہیں اور نہ ہی انہیں کہیں دوسری جگہ تبدیل کیا جارہا ہے۔ان باتوں کااظہار نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے ایک وفد نے ایم کے یوگی کی قیادت میں پارٹی کے نائب صدرعمر عبداللہ کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا۔ایک بیان کے مطابق وفدنے اس کے علاوہ پنڈتوں کے دیگر مسائل بھی اُجاگر کئے۔ عمر عبداللہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ماضی کی طرح پنڈتوں کو درپیش مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں گے اور ان کا سدباب کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کے بغیر کشمیر ادھورا ہے اور پنڈت برادری کشمیری سماج کے اہم حصہ ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے ہر بار حکومت میں آکر پنڈتوں کی راحت رسانی کا کام کیا۔ عمر عبداللہ نے وفد پر زور دیا کہ وہ اقلیتی سیل کو مضبوط اور متحرک کرنے کیلئے تن دہی سے کام کریں اور جموں و کشمیر میں اقلیتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس اور شیر کشمیر بھون جموں میں اقلیتی سیل کیلئے جلد ہی دفاتر قائم کئے جائیں گے۔