عظمیٰ نیوز سروس
جموں// دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے محکموں کے وزیر جاوید احمد ڈار نے بدھ کے روز ایوان کو بتایا کہ جموں و کشمیر کی حکومت نے مردم شماری 2021 کی تکمیل تک مرکز کے زیر انتظام تمام انتظامی اکائیوں کی حدود کو منجمد کر دیا ہے۔ایوان میں قانون ساز عبدالمجیدلارمی کی طرف سے اٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے ایس او کے ذریعے 53 آف 2025 مورخہ 27.02.2025، جو محکمہ پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کے ذریعہ جاری کیا گیا ہے، نے جموں و کشمیر کے مرکزی علاقے میں اضلاع، تحصیلوں، میونسپلٹیوں، قصبوں، ریونیو ولیجز اور دیگر انتظامی اکائیوں کی حدود کو منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیر نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 کے سیکشن 2 (J) کے مطابق پنچایت حلقوں کی حد بندی آبادی کے اعداد و شمار پر سختی سے مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنچایت حلقوں کی حد بندی یا معقولیت سے متعلق کوئی بھی مشق مردم شماری 2021 کی تکمیل کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت انصاف اور مساوات پر مبنی وسائل کی منصفانہ اور تقسیم کے لیے پرعزم ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت پنچایت حلقوں کی ترقی اور قربت، جغرافیائی تحفظات اور سرکاری اداروں اور خدمات تک عوام کی رسائی کی بنیاد پر کمیونٹی ڈیولپمنٹ (سی ڈی) بلاکس کے ساتھ ان کی معقولیت کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ جاوید احمد ڈار نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ زراعت میں تقریباً 1200 گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ اسامیوں کو جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کو بروقت بھرنے کے لیے ریفر کیا گیا ہے۔