جموں //جموں میں جاری تعمیراتی پروجیکٹوں کو جلداز جلد پورا کرنے کی مانگ کو لے کر ٹرانسپورٹ نگرمیں نیشنل پینتھرز پارٹی کے بینر تلے کارکنوں نے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے ریاستی حکومت کو تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے جموں میں گنڈالہ پروجیکٹ ،مصنوعی جھیل ودیگر پروجیکٹوں کو ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی سی روڈ پر فلائی ائور کی تعمیر کے جس پروجیکٹ کو 2007میں منظوری ملی تھی اس کو ابھی تک شروع بھی نہیں کیا جاسکا ہے ۔اپنے خطاب میں نیشنل پینتھرز پارٹی کے زونل صدر نیرج گپتا نے کہاکہ بی سی روڈ پر فلائی ائور کی تعمیر کے سلسلہ میں ایشیائی ڈولپمنٹ فنڈنے پل کی تعمیر کے سلسلہ میں مدد دینے کا اعلان کردیاتھا لیکن ریاستی انتظامیہ کی عدم توجہی اور غفلت شعاری کی وجہ سے ابھی تک پروجیکٹ کو شروع بھی نہیں کیا گیا ۔نیرج گپتا کے مطابق جموں میں دیگر پروجیکٹوں پر بھی سست رفتاری سے کام جاری ہے جس سے عام عوام متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے ریاستی گور نر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں میں جاری تعمیراتی پروجیکٹوں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے ۔احتجاج میں دیگران کے علا وہ امر چند ،دویندر سنگھ ،کیول کریشن ،رمیش کمار ،رویندر سنگھ ،اشونی کمار ،سمن کمار شامل تھے ۔