منڈی//حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں تحصیل منڈی کے دوردراز علاقوں کے رہائشی مکانات کو نقصان ہواہے وہی تحصیل کے پلیرہ گھوڑا نک مڈل سکول کی عمارت کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچاہے۔تحصیل صدر مقام منڈی سے چھہ کلو میٹر کی دوری پر واقع پلیرہ گھوڑا نک مڈل سکول کی عمارت میں بارش کا پانی اندر آیا جس کی وجہ سے عمارت کو جزوی طور پر نقصان ہوا ۔ اسکول میں تعینات اساتذہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے سکول کی عمارت کے دونوں اطراف سے پانی اندر آگیا جس سے سکول کے تمام کلاس رومز کو نقصان پہنچا ۔ان کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے سکول عمارت میں ملبہ بھی جمع ہوا جس کو انہوںنے خود ہی صاف کیا۔اساتذہ کا مزید کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں انہوں نے زونل ایجوکیشن افسر منڈی کو تحریری طور پرآگاہ کردیاہے اور بتایاہے کہ بچوں کے بیٹھنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ اسکول انتظامیہ نے زونل ایجوکیشن افسر منڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ سکول میں ہوئے نقصانات کا جائزہ لے کر طلباء کے بیٹھنے کا انتظام کریں تاکہ پڑھائی متاثر نہ ہو ۔