پونچھ//بفلیاز کے پشانہ علاقہ کو سڑک رابطہ فراہم کرنے کے لئے عرصہ دراز پہلے محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے وہاں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا جو ابھی تک سست روی کا شکار ہے۔سڑک کی تعمیر مکمل نہ کئے جانے کے سلسلہ میں پشانہ کے لوگوں کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمدزرگر سے ملاقی ہوا۔اس دوران تحریری یاداشت پیش کر کے وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو زمینی حقائق سے روشناس کرتے ہوئے بتایا کہ پشانہ گائوں جو کہ مغل شاہراہ کے قریبی علاقوں میں سے ایک ہے ، کے لوگ ابھی تک سڑک رابطہ سے محروم ہیں۔وفد کے ارکان نے بتایا کہ چند کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے عرصہ دراز پہلے شروع کیا تھا جو ابھی تک مکمل نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی مداخلت کر کے محکمہ کو ہدایت کریں کہ وہ اس سڑک کی تعمیرمیں سرعت لاکر اسے جلد از جلد مکمل کرے ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد از جلد سڑک کی تعمیرپایہ تکمیل نہ پہنچائی گئی تو پشانہ کے لوگ مغل شاہرا کو بند کر دیں گے اور تب تک بند رکھیں گے جب تک سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہو گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سڑک کی تعمیر کرنے کا یقین دلایا۔