عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//ضلع میں ایڈونچر ٹورازم کے غیر استعمال شدہ امکانات کو بروئے کار لانے کیلئے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم کے ساتھ پیر کوپریم نگر میں ریور رافٹنگ ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس دلچسپ اقدام کا مقصد ایڈونچر کے متلاشیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا اور بیرونی شائقین کے لئے ایک سنسنی خیز منزل کے طور پر خطے کو نمایاں کرنا ہے۔شیبنوٹ دریائے چناب کے کنارے پریم نگر میں واقع ہے، تیز بہنے والی آبی گزرگاہ اور شاندار قدرتی خوبصورتی کا حامل ہے، جو اسے ریور رافٹنگ کے لئے ایک مثالی جگہ بناتا ہے۔ صاف پانی اور دلفریب ماحول ملک بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے ۔ایڈونچر ٹورازم کے مستقبل کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی ہرویندر سنگھ نے سیاحت کے شعبے سے وابستہ سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے عزم پر زور دیتے ہوئے ضلع میں ایڈونچر اسپورٹس کی سرگرمیوں کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔ موصوف نے سیاحت کو بڑھانے کے لئے جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ضلع انتظامیہ کے زیر اہتمام بھدرواہ میں ایک میگا ونٹر کارنیول کے لیے دلچسپ منصوبوں کا انکشاف کیا۔