پرویز احمد
سرینگر // اننت ناگ کے مختلف بازاروں سے اٹھائے گئے ’’پریا گولڈ بٹر بسکیٹ‘‘ کوناقابل استعمال قرار دیتے ہوئے محکمہ فوڈ سیفٹی نے ان کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ فوڈ سیفٹی افسران کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنی کے بسکٹ کے نمونوں میں سلفائٹ(Sulphite) نامی کیمائی مواد کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی ہے اور اس لئے اننت ناگ ضلع میں بسکیٹ کے استعمال پابندی عائد کی گئی۔ فوڈ سیفٹی آفیسر اننت ناگ کے مطابق اننت ناگ کے مختلف بازاروں سے Butter Delite Biscuit Priyagold کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جنہیں ٹیسٹنگ کیلئے نیشنل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری غازی آباد بھیجا گیا۔ فوڈ سیفٹی آفیسر شیخ ضمیر احمد نے بتایا ’’معمول کی مارکیٹ چیکنگ کے دوران مذکورہ کمپنی کے نمونوں کو اٹھایا گیا اور تشخیص کے لئے نیشنل فوڈلیبارٹری بھیجا گیا جہاں سے 20دنوں بعد موصول رپورٹ میں مذکورہ بسکیٹ میں sulphite کی مقدار مقرر حد سے زیادہ پائی گئی۔ رپورٹ ملتے ہی ہم نے مذکورہ کمپنی کے بسکیٹوں کے استعمال پر پابند عائد کردی ہے اور اس حوالے سے حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حد اختیار میں صرف اننت ناگ کا ضلع ہے جہاں میں فوری طور پر مذکورہ کمپنی کے بیکسٹ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردیا ہے اور جہاں تک پوری وادی کا سوال ہے تو اس کا فیصلہ فوڈ سیفٹی کے اعلیٰ افسران کو لینا ہوگا۔ نیشنل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری غازی آباد نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ کمپنی کے بیکسٹ کے بیچ نمبر(Batch No. E25KPO2FB) میں Sulphiteکی مقدار زیادہ ہونی کی تصدیق ہوئی ہے۔