عظمیٰ نیوزسروس
بھوپال// پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے بھوپال کیمپس کا منگل کو افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھوپال کیمپس کی حیثیت جلد ہی سیٹلائٹ کیمپس کی ہوگی۔6.44 ایکڑ اراضی پر پھیلے ہوئے، بھوپال کیمپس یونیورسٹی کی تعلیمی اختصاص کے حصول میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تا حال یہ کالج آف ٹیچر ایجوکیشن، بھوپال اور علاقائی مرکز کے طور پر اردو کی خدمات انجام دے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا ، ’’یہ توسیع محض فزیکل انفراسٹرکچر نہیں بلکہ یونیورسٹی کے لیے تعلیمی اختصاص، ترقی اور جدت کے عزم کی علامت ہے۔ میں حیران ہوں کہ بھوپال کیمپس نے اب تک سیٹلائٹ کیمپس کا درجہ کیوں حاصل نہیں کیا ہے۔ میں بھوپال کیمپس کے معیار کو بہتر بنانے اور اسے سیٹلائٹ کیمپس کی سطح پر لانے کے لیے کوشش کروں گا۔‘‘وائس چانسلر نے بھوپال شہر میں مقامی کمیونٹی اور مدارس کے ساتھ روابط قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹی کے مینڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔ مقامی عوام اور مدارس کے ساتھ روابط کو فروغ دینے سے، بھوپال کیمپس کو ترقی دی جاسکتی ہے۔