مینڈھر//مینڈھر کے گورنمنٹ پرائمری سکول بانیا ں والی کالابن کی عما رت گرنے کی دہلیز پر ہے ۔یہ عمارت کسی بھی گر کر کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتی ہے تاہم متعلقہ حکام کی طرف سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس پر مقامی لوگوں میں زبردست غم وغصہ پایاجارہاہے۔ مقامی لو گو ں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے انتہائی درجہ کی بے حسی کا مظاہرہ کیاجارہاہے اور اس عمارت کی طرف توجہ نہ دینے کے نتیجہ میں کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونماہوسکتاہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکام کی طرف سے تعلیم کیلئے ضرورت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے بڑے بڑے دعوے کئے جارہے ہیں تاہم زمینی سطح پر حالات بالکل مختلف ہیں جس کی سکول کی یہ عمارت ہے ۔اس سکول میں زیر تعلیم طلباء کے والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی عمارت کی تعمیر کی جائے تاکہ ہر موسم میں بچے اس کے اندر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمارت کا یہ حال بن چکاہے کہ موسم برسات کے دوران اس کے گرنے کا احتمال رہتاہے جس سے کوئی بڑا حادثہ رونماہوسکتاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق کچھ والدین نے صرف اسی لئے اپنے بچوں کا داخلہ اس سکول میں نہیں کروایا کیونکہ وہ ان کی حفاظت کے حوالے سے خوفزدہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمارت کی اس خستہ حالت کے بارے میں وہ متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کرچکے ہیں مگر ان کو بھی ٹس سے مس نہیں ہوئی ۔مقا می لو گو ں کا کہنا ہے کہ اس عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیاہے اور چھت سے پانی ٹپکتارہتاہے جبکہ دیواریں بھی گرچکی ہیںجہاں بچوں کو تعلیم دینا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ان کاکہناہے کہ اگر کوئی حادثہ ہواتو اس کا ذمہ دار محکمہ تعلیم ہوگاجس نے اس عمارت کو ایسی حالت میں چھوڑ دیاہے ۔ مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ عمارت کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کیخلاف کارروائی کریں ۔