انتظامیہ سے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ // ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مڑواہ کے تعلیمی زون میں قایم پرائمری سکول ٹنڈ پیر کے روز بند رہنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر مقامی عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سکول کے اوقات کار کے دوران تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں اور طلباء کو تعلیم سے محروم ہونا پڑا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں حال ہی میں اس حوالے سے ایک تصویر اور ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں سکول بند دکھایا گیا ہے۔ عوام نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برت رہے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ والدین وسماجی کارکنان نے اس واقعہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی غیر حاضری اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے، عوام نے امیدظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس سنگین معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر مناسب کارروائی عمل میں لائے گی۔کشمیر عظمیٰ نے محکمہ کےاعلیٰ حکام سے متعدد مرتبہ فون پر رابطہ کرنے کے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔