منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت اُپر راجدھانی میں قائم کر دہ گور نمنٹ پرائمری سکول مالا کھوڑی ناڑ کی عمارت انتہائی خستہ ہو کر گرنے کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے محکمہ تعلیم اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں قائم کر دہ عمارت پر انی ہو کر گرنے کی دہلیز تک پہنچ گئی ہے لیکن متعلقہ حکام کو اطلاع فراہم کرنے کے باوجود بھی عمارت کی نہ تو کوئی مرمت کی جارہی ہے اور نہ ہی اس کو منہدم کر کے نئی عمارت تعمیر کرنے کی جانب کوئی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ آفیسران کو عمارت کی خستہ حالت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ آگاہ کیا گیا تاہم ان کی عدم توجہی بچوں کا مستقبل تاریک کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سٹاف ممبران اکثر بچوں کو کھلے عام تعلیم فراہم کرتے ہیں تاہم بارشوں کے دنوں میں مذکورہ عمل متاثر ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علا قہ میں قائم کر دہ پرائمری سکول کی نئی عمارت تعمیر کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم مل سکے ۔