عارف بلوچ
اننت ناگ//دہرنہ مانٹہ پورہ پل کا ایک حصہ شدید بارشوں کے باعث ڈھ گیا تھا تاہم 4 مہینے گذر جانے کے بعد بھی پل کی مرمت نہیں ہوپائی ہے جس کے باعث پل کے دونوں طرف آباد مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،رواں سال کے مان سون بارشوں نے نالہ برنگی پر قائم دہرنہ مانٹہ پورہ پل کو کافی نقصان پہنچا ہے،پل کا ایک حصہ ڈھ جانے سے کئی بستیوں کا آپس میں رابط ٹوٹ گیا جس کے بعد نالہ برنگی کے بیچ ایک عارضی سڑک تعمیر کی گئی جو کہ انتہائی ناگفت بہہ حالت میں ہے اور سڑک پر چلنا کافی دشوار ہوتا ہے،اس بیچ محکمہ آر اینڈ بی نے پل کی مرمت کے لئے اقدامات اٹھائے اور محکمہ نے باضابطہ طور پر ٹینڈر نکال کر ٹھیکیدار کو کام سونپا تاہم کئی مہینے گذر جانے کے بعد بھی پل کی مرمت نہیں ہوپائی ہے،جس کے باعث یہاں کے لوگوں میں کافی ناراضگی پائی جارہی ہے،مقامی شہری روف راتھر کا کہنا ہے کہ پل تحصیل ہیڈ کوارٹر سے ملانے والا واحد راستہ ہے،ہزاروں افراد روزانہ پل سے گذرتے تھے تاہم ادھورے پل نے لوگوں کے نقل و حمل کو مسدود کیا ہے،اگر برفباری سے پہلے پہلے پل کی مرمت نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں ہزاروں لوگوں کا تحصیل ہیڈ کوارٹر سے رابط منقطع ہوگا جو مستقبل میں پریشانی کا باعث بن سکتا ہے،انہوں نے پل کی فوری طور پر مرمت کرنے کی اپیل کی ہے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر جاوید بودھا نے بتایا کہ پتھروں کی عدم دستیابی نے پل کے مرمت میں رکاوٹ ڈالی ہے،انہوں نے کہا کہ وادی میں کان کنی پر عائد پابندی کے باعث کام رکا پڑا ہے،پتھروں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہے اور امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر پل پر کام شروع ہوگا۔