جموں// ضلع اودھم پور کے پتنی ٹاپ شیو گڑھ دھر علاقے میں منگل کی صبح فوج کاایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیاجس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے ۔سات ہفتوں کے دوران جموں علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ 3 اگست کو ضلع کٹھوعہ کے بسوہلی علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر رنجیت ساگر ڈیم میں گر کر تباہ ہوا تھا۔اس حادثے میں بھی دونوں پائلٹوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔جموں میں مقیم ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ منگل کی صبح 10.30سے لیکر 10.45کے درمیان پتنی ٹاپ علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر’ چیتا‘ کو حادثہ پیش آیا اور وہ شیو گڑھ دھر جنگلاتی علاقے میں گرکر تباہ ہوا۔ترجمان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر بظاہر تکنیکی خرابی پیدا ہونے یااس علاقے میں گہری دھند ہونے کے سبب گر کر تباہ ہوا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سلیمان چودھری نے بتایا کہ ہمیں اس واقعے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی اور ٹیموں کو جائے واردات کی طرف روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بچائو کارروائیوں میں علاقے میں گہری دھند کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں لیکن پولیس کی ٹیمیں جائے وقوع تک پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں زخمی پائلٹوں کو ادہمپور فوجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔مہلوک پائلٹوں کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے طور پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ دونوں پائلٹ میجر رینک کے تھے اور وہ آرمی ایویشن کارپس کے ہیلی کاپٹر’ چیتا‘ کو اڑا رہے تھے۔شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وے کے جوشی نے دونوں افسران کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ سبھی فوجی جوان ڈیوٹی کے دوران جان گنوانے پر دونوں افسران کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، اور انکے اہل خانہ کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘‘۔فوج کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔