عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے ضلع راجوری میں پتراڑہ موڑ سے گھمبیرمغلاں ہوتے ہوئے تھنہ منڈی تک زیر تعمیر سڑک منصوبے میں منظور شدہ فنڈز کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے انجینئروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم عوامی منصوبے کے لئے جاری کی گئی رقم مبینہ طور پر نکال لی گئی ہے، جبکہ زمینی سطح پر کام نہ یاد کے برابر ہوا ہے۔ایم ایل اے نے اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور جوابدہی کا فقدان عوامی اعتماد کو مجروح کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پتراڑہ ، گھمبیرمغلاں اور تھنہ منڈی کے عوام کے لئے یہ سڑک نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس سے آمدورفت، تجارت اور روزمرہ ضروریات وابستہ ہیں۔ ایسے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا عوامی پیسے کے غلط استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔مظفر اقبال خان نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز عوام کی امانت ہوتے ہیں اور ان کا غلط استعمال براہ راست علاقے کی ترقی میں رکاوٹ بنتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت دی کہ اس منصوبے سے جڑے تمام مالی اور تکنیکی پہلوؤں کی مکمل جانچ کی جائے۔ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات جلد شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس میں بھی اس مسئلے کو حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور منصوبے کو شفاف طریقے سے مکمل کرایا جا سکے۔