اسلام آباد/ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو واپس بھیجنے کی دھمکی پر لیجنڈ باؤلر شعیب اختر نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوئی کلب ٹیم نہیں، ایسی باتیں ناقابل برادشت ہیں۔تفصیل کے مطابق نیوزی لینڈ کی طرف سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرنے کی دھمکی پر شعیب اختر نے اسے کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوئی گری ہوئی ٹیم نہیں اور نہ ہی ہمارے لیے کرکٹ ختم ہوئی ہے۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میزبان بورڈ کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ نیوزی لینڈ کو ایس او پیز کی اگر اتنی ہی فکر تھی تو ٹیم کے لئے پورا ہوٹل بک کرا دیتے، جہاں وہ پریکٹس بھی کر سکتے۔لیجنڈ باؤلر کا کہنا تھا کہ آئندہ ایسی بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔ انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے چارٹرڈ فلائٹ کیوں نہیں کرائی گئی۔ادھر دورہ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے ان چھ کھلاڑیوں کو سیلف آئسولیشن پر بھیج دیا ہے۔