سرینگر//سابق مرکزی وزیرپروفیسر سیف الدین سوز نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ امت شاہ کی یہ رائے صحیح نہیں ہوسکتی ہے کہ وہ پاکستان سے بات نہیں کریں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ،’’وزیر داخلہ امیت شاہ نے بجا طور کہا ہے کہ وہ جموںوکشمیر کے نوجوانوں سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ مگر اُن کا یہ کہنا کہ وہ پاکستان سے بات نہیں کریںگے ، صحیح رائے نہیں ہو سکتی ہے۔‘‘انہوں نے کہا،’’ابھی حال ہی میں وزیر اعظم مودی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اپنے خط میں یقین دلایا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ اپنی خیر سگالی کا جذبہ قائم رکھے گا۔ عوام نے اس پیغام کا خیرمقدم کیاتھا کیونکہ ہندوستان اور پاکستان دو قریبی ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت اور دوستی کی فضاء ہمیشہ قائم رہنی چاہئے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہم کو امید رکھنی چاہئے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دشواریوں کے باوجود دوستی کی فضا ء ہمیشہ قائم رہے گی۔کشمیر کا سیاسی مین اسٹریم اس بات کا ہمیشہ خواہشمند رہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ دوستی رہے کیونکہ برصغیر کے لوگوں کی بھلائی اسی میں ہے۔سوزنے مزیدکہا کہ ہمیں امید کرنی چاہئے کہ ہندوستان اور پاکستان اپنے درمیان سارے اختلافات دور کر کے دوستی اور پائیدار امن کی طرف گامزن ہوںگے۔‘‘